گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف جے یو آئی کا اصولی مؤقف، اسلم غوری کا جمہوریت دفن کرنے کا الزام

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ حکمران جمہوریت کو دفن کرنے کے درپے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف جے یو آئی کا مؤقف اصولی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی صوبے کے عوام، صوبائی حقوق اور جمہوری اصولوں کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومتی دباؤ کے باوجود عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اسلم غوری نے کہا کہ وفاقی وزرا جس کشتی میں سوار ہیں، اسی میں چھید کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق جمعیت علمائے اسلام گزشتہ 80 سال سے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور حکومتی دھمکیاں اسے اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔
مدارس رجسٹریشن کا معاملہ
مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان جے یو آئی نے الزام عائد کیا کہ حکومت اس معاملے کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل 26ویں آئینی ترمیم کے ساتھ پارلیمنٹ سے منظور ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس کے آڈٹ اور بینک کھاتوں کے ذریعے جانچ پڑتال پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم اس معاملے میں دباؤ یا بلیک میلنگ قبول نہیں کی جائے گی۔
دہشت گردی کے خلاف قربانیاں
اسلم غوری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جمعیت علمائے اسلام کے 2500 سے زائد کارکن شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے باجوڑ میں جے یو آئی کے جلسے کے دوران 92 سے زائد کارکنوں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جماعت نے دہشت گردی کے خلاف بھاری قربانیاں دی ہیں۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں سکیورٹی فورسز ہتھیاروں کے ذریعے جبکہ جمعیت علمائے اسلام اپنے بیانیے کے ذریعے مقابلہ کر رہی ہے۔ جماعت عوامی مسائل کے حل، صوبائی حقوق کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اسلم غوری نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے جے یو آئی اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گی اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گی۔











