پاکستان کا پہلا خلاباز تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانہ، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی چین کے شینزو-24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانگی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے۔ یہ صرف ایک خلاباز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے، یہ ہماری نوجوان نسل، ہمارے سائنسدانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد دونوں نے بے مثال محنت، نظم و ضبط اور لگن سے چین میں تربیت مکمل کی۔ ان کے مطابق پاکستان تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والا چین کے بعد دنیا کا پہلا ملک بنے گا، جو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے برادر ملک چین کا شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان کو اس تاریخی مشن کا حصہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان زمین پر امن اور باہمی ترقی میں ہم آہنگ ہیں اور اب خلا کے سفر میں بھی ہم قدم ہیں۔
وزیراعظم نے سپارکو، ان جامعات اور سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کے تیار کردہ سائنسی تجربات اس مشن کے ساتھ خلا میں جا رہے ہیں۔ ان کے بقول افواجِ پاکستان، قومی اداروں، سائنسدانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان خلائی تحقیق اور جدید سائنسی میدان میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔
نوجوانوں کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔ خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑو، محنت کرتے رہو، پاکستان پر یقین رکھو۔ ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاعر علامہ محمد اقبال نے برسوں پہلے نوجوانوں کو ستاروں سے آگے جانے اور کائنات میں چھپے رازوں کو دریافت کرنے کی تلقین کی تھی، اور اللہ کا شکر ہے کہ یہ خواب آج پورا ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ یہ مشن نئے پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جہاں ہمارا نوجوان دنیا کے ساتھ مقابلہ نہیں بلکہ دنیا کی رہنمائی کرے گا۔











