رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا بنی اسرائیل ۲۴
کوئٹہ 12° صاف 20° / 8°فجر 05:41ظہر 12:19عصر 15:56مغرب 17:32عشا 18:56
بلوچستان کی آواز، اکتوبر 1970 سےکوئٹہ سے شائع ہونے والا روزنامہ · ایڈیٹر انچیف: جاوید احمد · ایڈیٹر: کامران جاوید
وفاقی کابینہ نے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی قومی پالیسی منظور کر لیایران کی زمینی ناکہ بندی ناممکن، عباس عراقچی کا دعویٰوزیراعظم کی گورنر خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل وفاقی تعاون کی یقین دہانیآئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا 11 دسمبر کو اجلاس، پاکستان کی اگلی قسط کی منظوری کا امکانمولانا فضل الرحمان کی لاہور میں نقل و حرکت محدود، جے یو آئی ف کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواستسلطان اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے میں 3-2 سے ہرا دیاوزیراعظم کی وزرا کو ہدایت: نئے صوبوں پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کریںرائزنگ سٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کی نیپال اے کو 96 رنز سے شکستٹیکس جمع نہ کرانے پر قانونی کارروائی ہوگی: علی پرویز ملکلاہور قلندرز نے کمندو مینڈس کو ڈائریکٹ سائن کر لیاحکومتِ بلوچستان کا دہشتگردوں کی معلومات پر کروڑوں روپے انعام کا اعلانایران کے سپریم لیڈر کا آبادی بڑھانے پر زور، جلد شادی اور زیادہ بچوں کی اپیل

محمود خان اچکزئی: عمران خان کو تنہا نہیں ہونے دیں گے، قومی حکومت کی تجویز

محمود خان اچکزئی: عمران خان کو تنہا نہیں ہونے دیں گے، قومی حکومت کی تجویز
فائل فوٹو: محمود خان اچکزئی کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے — تصویر: بشکریہ thenews.com.pk

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کے سنگین سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحرانوں کو حل کرنے کے لیے قومی معاملات کے فیصلے چند افراد کے بجائے عوام کے منتخب نمائندوں اور متعلقہ سیاسی و جمہوری قوتوں کی مشاورت سے کیے جائیں۔

انہوں نے آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوریت کی بحالی کے لیے فوری آئینی و سیاسی اصلاحات کو ناگزیر قرار دیا۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جاوید اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لاہور شہر اور اس کی بار ایسوسی ایشن نے آئین اور جمہوریت کی جدوجہد میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ جب ایسے ادارے اپنی آئینی اور جمہوری ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو اس کے نتائج پورے معاشرے اور ریاست کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

امن و امان اور عالمی صورتحال

انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بدامنی اور خونریزی جاری ہے، جبکہ اب پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی حالات خراب ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ تقریباً 20 شہری گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو رہے ہیں۔

ایسے حالات میں ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ملک میں امن قائم کرنا ہے۔

عالمی صورتحال پر خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش اور باہمی مفادات کی جنگ ایک بار پھر ہمارے خطے کو جنگ اور عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ پاکستان کو ماضی کے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے دوسری طاقتوں کے مفادات کے لیے لڑی جانے والی جنگوں کا حصہ بننے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اس بار اس کے نتائج ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی افواج کا بنیادی فریضہ اپنے ممالک کا دفاع ہے، نہ کہ آئین کی خلاف ورزی کرنا یا سیاسی اقتدار پر قبضہ کرنا۔ تمام ریاستی اداروں کو آئین کی مقرر کردہ حدود میں رہ کر اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔

عمران خان اور قومی وسائل

عمران خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں اکثریتی مینڈیٹ دیا، لیکن ان سے یہ مینڈیٹ چھین لیا گیا۔ ان کے بقول عمران خان کی سیاسی صورتحال اور صحت کے حوالے سے پوری طرح بیدار اور متوجہ رہنے کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق کوششیں کی جا رہی ہیں کہ عمران خان کو توڑا جائے اور تنہا کیا جائے، جن میں بعض بیرونی اور بعض اندرونی عناصر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اور علامہ راجہ ناصر عباس عمران خان کو تنہا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

قومی وسائل پر عوام کے حق کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل عوام کی ملکیت ہیں، چند افراد کی نہیں۔ انہوں نے معاشی نابرابری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف امیر طبقے کے ناشتے پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جبکہ دوسری طرف ملک کی اکثریت روٹی کے لیے ترس رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ظلم، معاشی نابرابری اور استحصال پر مبنی نظام آخر کب تک جاری رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی جنگ عظیم کے بعد لیگ آف نیشنز کے تقریباً 66 رکن ممالک تھے، جبکہ آج اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی تعداد 193 ہے۔ ان کے مطابق نئی ریاستیں ناانصافی، جبر اور سیاسی تبدیلیوں کے نتیجے میں بنتی رہی ہیں، اس لیے پائیدار استحکام کے لیے انصاف، مساوات اور عوام کے حقوق کا احترام ضروری ہے۔

انہوں نے ایران کے خلاف جنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کے معاملے پر پاکستانی حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ عہد کریں کہ اقتدار تک پہنچنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ خفیہ یا اعلانیہ سیاسی ساز باز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ خود یا علامہ راجہ ناصر عباس اس عہد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تو قوم انہیں معاف نہ کرے۔

ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے انہوں نے قومی حکومت کے قیام کی تجویز پیش کی، جو تمام اہم ریاستی اداروں، سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقوں کو ایک میز پر جمع کرے۔ ان کے مطابق اس عمل کے ذریعے ماضی کی غلطیوں اور ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے، جامع آئینی و سیاسی اصلاحات متعارف کرائی جائیں اور فوج کو سیاست اور اقتدار سے الگ ہونے کے لیے ایک محفوظ اور آئینی راستہ فراہم کیا جائے۔

آخر میں انہوں نے لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن کو نظر بند کرنے اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو اپنے خیالات کے اظہار اور سیاسی سرگرمیوں سے روکنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو ایک بار پھر دعوت دی کہ وہ دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر آئین کی بحالی اور بالادستی کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔

اشتہار