لورالائی: اسسٹنٹ کمشنر احمد زیب کی سربراہی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن

لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی خصوصی ہدایات پر شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، شہریوں کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور سرکاری و عوامی راستوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر لورالائی احمد زیب کی سربراہی میں ٹریفک پولیس افسر عبدالجبار اور ٹریفک عملہ، میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران دکانوں کے باہر قائم غیرقانونی تجاوزات، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم رکاوٹوں سمیت دیگر ناجائز قبضوں کو ہٹا کر راستے عوام کے لیے بحال کر دیے گئے۔
دکانداروں کو واضح ہدایات
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد زیب نے دکانداروں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کی تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ دکاندار اپنی دکانوں کا سامان مقررہ حدود کے اندر رکھیں اور عوامی راستوں میں رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے باعث نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے اور اکثر اوقات ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام دکانداروں اور تجاوزات قائم کرنے والے عناصر کو سختی سے متنبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنی تجاوزات ختم کریں اور آئندہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی سے گریز کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی، شہری نظم و ضبط اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آسکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











