سیوی: ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت ای پی آئی کا سہ ماہی جائزہ اجلاس
سیوی: 31 اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت روٹین ایمونائزیشن (EPI) پروگرام کے حوالے سے سہ ماہی جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کی مجموعی کارکردگی، یونین کونسلز کی پیش رفت، ویکسینیٹرز کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (M&E) آفیسر محمد شعیب خجک نے روٹین ایمونائزیشن پروگرام کی کارکردگی، یونین کونسلز کی صورتحال، ویکسینیٹرز کی کارکردگی اور فیلڈ میں درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام یونین کونسلز اور ویکسینیٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں بعض مسائل سامنے آئے ہیں جن کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور افسران کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بچوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا امکان ہے کیونکہ سرد علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرکے ضلع میں منتقل ہوئے ہیں، لہٰذا اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اور مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ اس مرتبہ کوئی بھی ویکسینیٹر فیلڈ سے غیر حاضر نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت بلوچستان کی واضح ہدایات کے مطابق محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور اہلکار بھی فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے اسی روز کوریج مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے اور زیرو ڈوز (Zero-Dose) بچوں کی نشاندہی کے لیے گھر گھر اور علاقے میں مؤثر تلاش یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں اور فیلڈ میں سامنے آنے والے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔
اجلاس کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مانیٹرز اور ویکسینیٹرز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
اجلاس میں ونگ کمانڈر کرنل عبدالمنان، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر صلاح الدین، این اسٹاپ (NSTOP) آفیسر ڈاکٹر شہلا، آئی ایس ڈی کوآرڈینیٹر میر وئیس خان، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اے کے یو ارسلان خان، مانیٹرز، ضلع بھر کے ویکسینیٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











