انتخابی اصلاحات میں برابری کی نمائندگی کا مطالبہ، بانی کی صحت پر سیاست نہ کرنے کی اپیل

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے میں برابری کی نمائندگی دی جائے۔
ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ان کے بڑے تحفظات ہیں، اس لیے ان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آرڈر ہے کہ علاج معالجہ ہو، شفا اسپتال میں ہو اور میڈیکل بورڈ بنے۔ فیملی سے ملاقات اور ذاتی معالج سے متعلق بھی حکم ہے۔
ان کے مطابق اگر یہ پراسس فالو کیا جاتا ہے تو ہی ان کی تسلی ہوگی۔ ایک سابق وزیراعظم، ایک بڑے لیڈر اور ایک قیدی کی حیثیت سے یہ ان کا حق ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس ہے، جبکہ باقی وکلا جیل ملاقات کے لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں ہے۔ سلمان اکرم راجہ پہلے ہی عدالت کو بتا چکے ہیں اور آئندہ سماعت پر عدالت کو دوبارہ بتا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہییں، لیکن یہ الگ معاملہ ہے۔
اعتماد ڈیسک











