بہاولپور: وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کا آفس کا دورہ، عمارت کا افتتاح اور کارکردگی کی تعریف

بہاولپور: وفاقی محتسب پاکستان جناب نوید کامران بلوچ نے وفاقی محتسب آفس بہاولپور کا دورہ کیا۔ آفس پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
دورے کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد وفاقی محتسب نے آفس کی بلڈنگ کا افتتاح کیا۔
آفس کا معائنہ اور بریفنگ
وفاقی محتسب نے پورے آفس کا تفصیلی وزٹ کیا، مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور آفیسرز و آفیشلز سے علیحدہ علیحدہ میٹنگز کیں۔ میٹنگز میں دفتر کی کارکردگی، زیر التواء شکایات، سائلین کی سہولت اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے بہاولپور آفس کی صفائی، نظم و ضبط اور کارکردگی کی خصوصی تعریف کی۔ انہوں نے تمام آفیسرز اور آفیشلز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بہاولپور آفس کی کارکردگی واقعی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے آگاہیِ محتسب (Awareness about Wafaqi Mohtasib) پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ وفاقی محکموں کی بدانتظامی، تاخیر اور ناانصافی کے خلاف وہ وفاقی محتسب سے رجوع کر سکتے ہیں اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔
آفس کی ضروریات اور ڈیمانڈز کو فی الفور تسلیم کرتے ہوئے وفاقی محتسب نے ان پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا، جس پر آفس کے تمام اسٹاف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر آفیسرز نے وفاقی محتسب کو بہاولپور کی ثقافتی پگڑی اور اجرک پہنائی اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ریڈیو پاکستان بہاولپور سے گفتگو میں وفاقی محتسب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وفاقی محکموں کی بدانتظامی کے خلاف وفاقی محتسب آفس سے رابطہ کریں تاکہ ان کی مشکلات فوری دور کی جا سکیں۔
وفاقی محتسب کے ہمراہ کوآرڈینیٹر ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر محمد زاہد ملک بھی تشریف لائے تھے۔ ویلکم اور بریفنگ ریجنل ہیڈ بہاولپور جناب شوکت محمود نے دی۔ اس موقع پر سینئر ایڈوائزر جناب طاہر نواز خان، ایسوسی ایٹ ایڈوائزر جناب باسط عزیز خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر جناب حسن غلام محمد بھی موجود تھے۔











