وزیراعظم شہباز شریف دسمبر کے پہلے ہفتے میں روس کا سرکاری دورہ کر سکتے ہیں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا دسمبر کے پہلے ہفتے میں روس کے سرکاری دورے کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
وزیراعظم کے دورۂ روس کے دوران ماسکو میں پاک روس بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔











