نئے صوبے بحران کا حل نہیں، نظام ناکام ہے تو نیا مینڈیٹ لیا جائے: محمد زبیر

لاہور: سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کر چکے ہیں اور اس کے لیے بانی عمران خان کے جیل سے باہر آنے کے منتظر ہیں۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث موجود ہے، لیکن موجودہ حالات میں نئے صوبے بنانا کسی بھی بحران کا حل نہیں۔ اصل مسئلہ اہلیت، نیت اور آئینی تقاضوں پر عمل درآمد کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار موجود ہے اور ہر صوبائی اسمبلی کا اختیار الگ ہے۔ پنجاب اسمبلی فیصلہ کر سکتی ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں، جبکہ سندھ اسمبلی کہہ سکتی ہے کہ نہیں بننے چاہئیں۔ سندھ میں نہ بننے کی صورت میں پنجاب کے لیے کوئی آئینی یا اخلاقی رکاوٹ نہیں۔
تاہم انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ سسٹم کولیپس کر گیا ہے اور اس کا علاج نئے صوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اندر ایک طرف سسٹم کولیپس کی بات ہو رہی ہے اور دوسری طرف نئے صوبوں کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، حالانکہ 2024 کے انتخابی منشور میں اس کا ذکر تک نہیں تھا۔
اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ نظام ناکام ہو چکا ہے تو جمہوری طریقہ یہ ہے کہ عوام کے پاس نئے مینڈیٹ کے لیے جائیں۔
محمد زبیر نے خبردار کیا کہ نئے صوبوں کے اعلان سے پہلے حدبندی، 1991 کے واٹر اکارڈ اور این ایف سی ایوارڈ جیسے پیچیدہ معاملات پر کوئی واضح لائحہ عمل موجود نہیں۔ 10 یا 12 صوبے بننے کی صورت میں اسمبلیوں، سیکرٹریٹس، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور دیگر انتظامی ڈھانچوں پر اخراجات کئی گنا بڑھ جائیں گے، جبکہ ایف بی آر کی وصولیاں یا ملکی معیشت اس بوجھ کو اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں۔
نواز شریف اور (ن) لیگ کی سیاست
نواز شریف کی خاموشی اور (ن) لیگ کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز دونوں صوبوں کی تقسیم کے حق میں نہیں، بلکہ مریم نواز خود بھی پورا پنجاب اپنی گرفت میں رکھنے کی بات کرتی ہیں۔
ان کے مطابق (ن) لیگ کی سیاست کا مرکز زیادہ تر پنجاب رہا ہے اور سندھ بالخصوص کراچی کو نظر انداز کیا گیا۔ نواز شریف مارچ 2018 کے بعد اور مریم نواز جنوری 2023 میں چیف آرگنائزر بننے کے بعد سے سندھ یا کراچی نہیں آئیں، حالانکہ کراچی میں وفاقی نشستوں کی تعداد لاہور سے زیادہ ہے۔
مستقبل کی سیاست کے بارے میں محمد زبیر نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی سب سے مقبول اور دباؤ کا شکار جماعت ہے، لیکن جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان آزاد ماحول میں نہ آئیں اور پارٹی کے اندرونی دھڑوں کی صورتحال واضح نہ ہو، اس وقت تک شمولیت مناسب نہیں۔











