طارق فضل چودھری: بانی پی ٹی آئی کی صحت کو کچھ ہوا تو ہم ذمہ دار ہوں گے

لاہور: وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ تمام جماعتیں اتفاق کریں گی تو مسلم لیگ ن بھی صوبے بنانے پر اتفاق کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عرصے سے کہہ رہی ہے کہ وہ صوبوں کے حق میں ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں رکنے کی کچھ وجوہات تھیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے حکومت اور محسن نقوی سے رابطے ہیں۔ بطور وزیر داخلہ محسن نقوی بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ حکومت دباؤ میں نہیں ہے اور نہ دباؤ میں آئے گی۔ محسن نقوی کوئی بات وزیراعظم کے علم میں لائے بغیر نہیں کرتے۔ ان کے مطابق محسن نقوی اسٹیبلشمنٹ کی نمائندگی کرتے ہیں تو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اکٹھی ہیں۔
بشریٰ بی بی کو ضرورت ہوگی تو ہسپتال میں رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اختلاف ذاتی نہیں، سیاسی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو 8 بار پمز ہسپتال لایا گیا، مگر ہر بار پی ٹی آئی کی درخواست پر نہیں لایا گیا۔ ان کے بلڈ پریشر کے علاج کے لیے لندن میں پریکٹس کرنے والے ڈاکٹر کو بلایا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں ساتواں انجکشن لگایا گیا۔
ڈاکٹرز کی تجویز پر بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال لایا جاتا ہے، چاہے وہ جیل میں ہوں یا نہ ہوں۔ بڑھتی عمر کے ساتھ نظر کمزور ہوتی ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور سیاست کو الگ رکھا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کو کچھ ہوا تو ہم ذمہ دار ہوں گے، ان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔











