جسٹس جمال مندوخیل کا الوداعی ریفرنس: عدلیہ آئین و قانون کی ماتحت ہونی چاہیے

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے اعزاز میں الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ آج بغیر لکھے خطاب کریں اور دل کی باتیں کریں، تاہم ان کے ساتھی جج جسٹس شاہد وحید نے انہیں قائل کیا کہ وہ اپنے تاثرات لکھ کر پڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پانچ سال خدمات سرانجام دینے کے بعد اب خدا حافظ کہنے کا وقت ہے۔ آج وہ جو کچھ بھی ہیں، اپنے والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا، اس لیے جج کو اپنا حلف ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔
آج کل آزاد عدلیہ کی بات ہوتی ہے، مگر عدلیہ کو آزاد ہونے کے ساتھ ہی آئین و قانون کا ماتحت ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جج کے کردار یا طرز عمل کا حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار کسی ایک شخص کو حاصل نہیں ہوتا۔ جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔
اکثر یہ قول سقراط سے منسوب کیا جاتا ہے کہ ایک جج میں چار خوبیاں ہونی چاہئیں: وہ تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سنے، دانشمندی سے جواب دے، سنجیدگی سے غور و فکر کرے اور غیر جانبداری کے ساتھ فیصلہ کرے۔











