نئے صوبوں پر عوامی رائے لینا بہترین حل ہے: محسن نقوی

لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے کا بہترین حل عوام کی رائے معلوم کرنا ہے، اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف جاننا بھی ضروری ہے۔
وہ لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام کہیں کہ نئے صوبے نہ بنائے جائیں تو وہ عوام کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی کے مطابق نئے صوبوں پر ہر ایک کا اپنا مؤقف ہے اور پیپلز پارٹی کی بھی اپنی پوزیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کے علاوہ کوئی اور بہتر حل ہو تو اس کے لیے بھی عوام کے پاس جانا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتیں حکومت کے لیے اہم ہیں۔ ان کے بقول مسلم لیگ ن اور سب ساتھ ہیں، اختلاف سے کوئی فیصلہ نہیں ہوگا اور سب متفق ہوں گے تو سب کچھ ہوگا۔
پیپلز پارٹی اپنے گڑھ سندھ میں نئے صوبے بنانے کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔ پیر کو لاڑکانہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے بجائے ”سیاسی ری سیٹ“ کا مطالبہ کیا تھا۔











