عمران خان کو فوری طور پر شفا اسپتال منتقل کیا جائے، بیرسٹر گوہر کا مطالبہ

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور علاج کے لیے انھیں شفا اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ دہرا دیا ہے۔
ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے اٹھارہ اگست کے حکم نامے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، جس میں ان کے ذاتی معالج کے علاوہ خاندان کے ایک فرد کو بھی شامل کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا اسپتال منتقل کیا جائے اور سپریم کورٹ کے حکم پر بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
پارٹی کا اظہارِ تشویش
پارٹی کے ایک بیان میں عمران خان کی صحت اور انھیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق عمران خان کی سلامتی اور صحت کی مکمل ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے۔ کسی انسان کی صحت کو سیاسی سودے بازی کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا، اور نہ ہی کسی سابق وزیرِ اعظم کے طبی علاج کو محض رسمی کارروائی تک محدود کیا جا سکتا ہے۔











