چمن: ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کا شہر کا دورہ، صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت
چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے آج چمن شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی، سڑکوں کی کلیئرنس، ٹریفک کی روانی اور دیگر مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
متعلقہ افسران کو ہدایات
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو شہر کی صفائی مزید بہتر بنانے، سڑکوں اور شاہراہوں سے تجاوزات و رکاوٹیں فوری طور پر ہٹانے، نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہر سے جمع ہونے والا کوڑا کرکٹ اور دیگر غلاظت شہر سے دور منتقل کی جائے تاکہ آئندہ شہر میں کچرا اور گندگی نظر نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول، بہتر سفری سہولیات اور منظم شہری خدمات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہر کی صفائی اور روڈ کلیئرنس کے اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور غفلت یا کوتاہی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔











