بارکھان: ڈاکٹر محمد حسن ڈومکی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ایم سی ایچ سنٹر کا اچانک دورہ

بارکھان: عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضلعی ناظمِ صحت ڈاکٹر محمد حسن ڈومکی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بارکھان اور ایم سی ایچ سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ڈینٹل وارڈ، ڈائلیسس یونٹ، ایمرجنسی اور ایم سی ایچ سنٹر سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
عملے اور ادویات کی جانچ
انہوں نے لائف سیونگ ادویات کی دستیابی، طبی و پیرامیڈیکل عملے کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور مریضوں کی دیکھ بھال کے انتظامات بھی چیک کیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد حسن ڈومکی نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
غفلت پر سخت کارروائی کا انتباہ
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض میں غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری پابندی اور دیانت داری سے ادا کرے۔
ضلعی ناظمِ صحت نے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانا، عملے کی حاضری یقینی بنانا اور عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











