اے این پی کا صوبائی اجلاس، امن و امان پر تشویش اور جلسے کی تیاریوں کا جائزہ

کوئٹہ (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی کابینہ، پارلیمانی پارٹی، مرکزی عہدیداران، ملگری وکیلان، پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن اور ضلع کوئٹہ کے ذمہ داران کا مشترکہ اجلاس صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی زیر صدارت خان ہاس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، سانحہ تنگ مسے زئی گلستان، عوام کو درپیش مشکلات، سیاسی و جمہوری قوتوں کے مشترکہ کردار اور پارٹی کے آئندہ تنظیمی و عوامی پروگراموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرکا نے صوبے میں امن و امان کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں، جمہوری قوتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بامعنی مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں آج منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں صوبے کے مسائل، امن و امان اور عوام کے تحفظ سے متعلق امور پر مشترکہ موقف اختیار کرنے اور متفقہ لائحہ عمل طے کرنے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں شہدائے وطن خان جیلانی خان اچکزئی کی 16ویں اور شہید اسد خان اچکزئی کی چھٹی برسی کے موقع پر 22 نومبر کو چمن ہائی اسکول گراؤنڈ میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جلسے میں پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان خصوصی شرکت کریں گے۔ شرکا نے انتظامی، تنظیمی اور عوامی سطح پر تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا اور جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں زور دیا گیا کہ پارٹی کی تمام صوبائی، ضلعی، تحصیل اور بنیادی یونٹ تنظیمیں باہمی رابطے اور مشاورت سے تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔
اس سلسلے میں 7 نومبر کو خان ہاس کوئٹہ میں ضلع کوئٹہ کی ضلعی کابینہ اور تحصیل کابینہ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ 13 نومبر کو باچاخان مرکز پشین میں جنرل باڈی اجلاس، 15 نومبر کو شہیدانو کور مردہ کاریز چمن میں ضلعی کونسل اجلاس، جبکہ 15 نومبر ہی کو باچاخان مرکز قلعہ سیف اللہ میں ضلع قلعہ سیف اللہ اور تحصیل مسلم باغ کے کابینہ اجلاس منعقد ہوں گے۔ 17 نومبر کو باچاخان مرکز کاکاجی برمہ میں صبح 10 بجے جنرل باڈی اجلاس ہوگا۔ 23 نومبر کو پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کا صوبائی کنونشن اور 24 نومبر کو عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی کونسل کا اجلاس ہوگا، جس میں مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان خصوصی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے شرکا نے ایک بے بنیاد اور من گھڑت مقدمے میں باعزت بری ہونے پر صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، پارٹی کارکنوں اور بہی خواہوں کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این پی عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے عدلیہ کی آزادی اور خودمختاری کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔











