رکھنی: ماڈل بازار کے تکنیکی مسائل اور شجرکاری پر کمشنر کوہِ سلیمان کا اجلاس

رکھنی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کے مطابق رکھنی ماڈل بازار کو خوبصورت، منظم اور جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی سے واپڈا آپریشن، آر ای ڈی اور پلاننگ ٹیم کے نمائندگان نے ملاقات کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمٰن کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر رکھنی فہد حسین عمرانی، ڈویڑنل فاریسٹ آفیسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت بھی شریک ہوئے۔
ملاقات میں رکھنی ماڈل بازار کے جاری ترقیاتی منصوبے سے متعلق تکنیکی مسائل، بجلی کی تنصیبات اور دیگر ضروری امور کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ ٹیموں نے مسائل کے حل اور کام میں باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
شہری شجرکاری کا منصوبہ
اجلاس میں سڑکوں کے میڈینز اور اطراف میں شہری شجرکاری کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا اور اس کے خدوخال کو حتمی شکل دی گئی۔
طے کیا گیا کہ متعلقہ محکمے باہمی مشاورت سے شجرکاری کے لیے مناسب مقامات، پودوں کے انتخاب اور ان کی دیکھ بھال کے انتظامات یقینی بنائیں گے۔
کمشنر مجیب الرحمٰن قمبرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ رکھنی ماڈل بازار کو خوبصورت، منظم اور منصوبہ بندی کے مطابق ترقی دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے میں حائل تکنیکی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور تمام متعلقہ محکمے رابطے کے ساتھ کام کریں، تاکہ ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیا جائے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











