چمن: ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کا یومِ سیاہ کشمیر پر خصوصی پیغام
چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی محاذوں پر اپنی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
ڈپٹی کمشنر چمن نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کے لیے ایک اہم دن ہے، جو انہیں درپیش مشکلات اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔
حبیب احمد بنگلزئی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رہے گی، جبکہ پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی کوششیں کی جائیں۔











