گورنر کی نوشہرہ میں پرویز خٹک سے ملاقات، وفاق کے ساتھ مسائل کے حل پر بات

نوشہرہ: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے داخلہ پرویز خٹک سے ملاقات کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پرویز خٹک نے سیاست میں طویل اننگز کھیلی ہے اور اپنے دور میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرتے تھے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ باہمی مشاورت سے صوبے کو آگے لے جانا اور ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔ مختلف سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا مقصد وفاق کے ساتھ مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرنا ہے، اور وفاق کے ساتھ مل کر ایک پیج پر کام کریں گے۔
گورنر نے کہا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کا تاریخی اجلاس منعقد ہوا، وزیراعظم نے دورۂ پشاور کے موقع پر مختلف مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات بھی کیے۔
میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور صوبے کے مسائل پر تفصیلی بات ہوئی۔ اپنے دورِ حکومت میں شروع کیے گئے کاموں کو آگے لے کر جانا ہے۔
خٹک نے کہا کہ وہ ابھی آزاد ہیں اور کسی دوسری سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا فیصلہ مشکل تھا، سیاسی طور پر ایسا فیصلہ اچھا نہیں ہوتا۔ حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا، اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی طالبان اور افغانستان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی۔











