نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے کراچی میں، 14 ٹیمیں شریک

اسلام آباد: پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام اور سندھ اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے تعاون سے لوک سہائتا 54 ویں نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہو گی۔
فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ریٹائرڈ وجاہت حسین نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ شرکت کرنے والے ڈیپارٹمنٹس، ریجنل اور صوبائی ایسوسی ایشنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کی 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں پاکستان آرمی، پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔
چیمپئن شپ 25 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔











