ٹرائی نیشن سیریز: سلو اوور ریٹ پر پاکستان کو 10 اور سری لنکا کو 5 فیصد جرمانہ

اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سہ ملکی کرکٹ سیریز میں پاکستان اور سری لنکا پر سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانے عائد کر دیے ہیں۔
پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جبکہ سری لنکن ٹیم پر 5 فیصد جرمانہ کیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے افتتاحی میچ میں مقررہ وقت کے اندر دو اوورز کم کرائے، جبکہ سری لنکا کی ٹیم ایک اوور پیچھے رہی۔
پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکن کپتان کوسل مینڈس نے خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کر لیں، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی میچ ریفری جیف کرو نے دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کیے۔ آئی سی سی قوانین کے تحت مقررہ وقت میں ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔











