فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، دہشت گردوں کے خلاف مہم جاری رکھنے کا اعلان

پشاور: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے اعلیٰ حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے چوکس رہا جائے اور آپریشنل تیاری کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم بھرپور طریقے سے جاری رکھی جائے گی اور وہ جہاں کہیں بھی ہوں گی، انہیں بھرپور انداز میں نشانہ بنایا جائے گا۔
سیکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے اعادہ کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے بگڑے ہوئے نظریات کو ضرور شکست دے گا۔











