صدر زرداری تین روزہ دورے پر جرمنی روانہ، 23 برس بعد پاکستانی سربراہ مملکت کا پہلا دورہ

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری جمعرات کو تین روزہ دورے پر جرمنی روانہ ہو گئے۔ دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے، جبکہ پاکستان اور جرمنی سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ایوانِ صدر کے ترجمان نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ صدر زرداری جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کی دعوت پر برلن جا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق یہ دورہ اس لحاظ سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کہ گزشتہ 23 برس میں کسی پاکستانی سربراہ مملکت کا جرمنی کا یہ پہلا دورہ ہے۔
دورے کے دوران صدر زرداری اپنے جرمن ہم منصب کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ جرمنی کی اعلیٰ قیادت اور کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے، جن میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات پر بات ہوگی، خصوصاً معاشی اور تجارتی تعاون پر توجہ دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کا حصہ ہے اور سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے، جو رواں سال منائی جا رہی ہے۔











