اسسٹنٹ کمشنر لونی کا دُکی بازار میں معائنہ: نرخ نامے کی خلاف ورزی پر دکانداروں کو جرمانے اور وارننگ

دُکی: ڈپٹی کمشنر دُکی فضل الرحمن کبدانی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لونی فتح خان بنگلزئی نے دُکی بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف دکانوں، بیکریوں، نان بائی کی دکانوں، ہوٹلز اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔
دورے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد، پرائس لسٹ کی دستیابی اور اسے نمایاں مقام پر آویزاں کرنے، اشیائے خورونوش کے معیار، وزن و پیمائش، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق فراہم کی جائیں اور مقررہ نرخوں سے زائد وصولی، ناجائز منافع خوری یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دکاندار سرکاری نرخ نامہ واضح اور نمایاں جگہ پر آویزاں کرے تاکہ صارفین کو قیمتوں کی مکمل آگاہی ہو اور شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے بیکریوں، نان بائی کی دکانوں اور ہوٹلز کے مالکان کو صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری، ذخیرہ اور فروخت کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی لازمی ہے، اور دکانوں کے اندر و اطراف صفائی کا مناسب انتظام رکھا جائے۔
معائنے کے دوران سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور دیگر بے ضابطگیوں پر بعض دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ بعض کو آئندہ خلاف ورزی سے باز رہنے کی وارننگ جاری کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی، ناجائز منافع خوری، گرانفروشی، غیر معیاری اشیاء کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
فتح خان بنگلزئی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور بازاروں میں قیمتوں اور معیار کی باقاعدہ نگرانی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ دُکی بازار سمیت مختلف علاقوں میں اچانک معائنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں، نرخ نامے کی مکمل پابندی کریں اور صفائی کا معیار برقرار رکھیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











