دکی: ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس، طبی عملے کی غفلت پر سخت کارروائی کی ہدایت

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی (DHC) کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر، صحت کے مختلف پروگراموں کے ضلعی کوآرڈینیٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور صحت مراکز کی کارکردگی، طبی عملے کی حاضری، فیلڈ وزٹس کی رپورٹس، عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے واضح کیا کہ طبی عملے کی غیر حاضری اور فرائض کی انجام دہی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام صحت مراکز میں عملے کی بروقت حاضری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ غیر حاضر عملے کی تفصیلات اور فیلڈ وزٹس کی رپورٹس پیش کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صحت کے شعبے میں انتظامی غفلت یا لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











