کوئٹہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد انور کاکڑ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

کوئٹہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل و فیمیل، متعلقہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (DDOs) اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری، غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی، نئے تعینات ہونے والے اساتذہ کی جائے تعیناتی، تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر انتظامی و تعلیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی باقاعدہ حاضری یقینی بنانے، نئے تعینات ہونے والے اساتذہ کی تعیناتی کے معاملات کو مؤثر انداز میں حل کرنے اور تنخواہوں سے متعلق مسائل کے ازالے پر بھی غور کیا گیا۔
محمد انور کاکڑ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے تعلیمی امور سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











