وزیراعظم شہباز شریف کا آج دورۂ پشاور متوقع، امن و امان اجلاس کی صدارت اور 12 اضلاع کے لیے وژن کا اعلان کریں گے

اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف آج جمعرات کو دورۂ پشاور پر پہنچنے کا امکان ہے۔ وزیراعظم دورے کے دوران 12 اضلاع کے لیے اپنے وژن کا اعلان بھی کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں انہیں دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج کی سرکوبی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا اور صوبے کی سیکیورٹی ضروریات بھی بتائی جائیں گی۔
وزیراعظم کو 8 ضم اضلاع اور 4 جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن و ترقی کے لیے قائم ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔ کونسل کے اراکین سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں گندم و آٹے کی کمی، گیس اور بجلی لوڈ شیڈنگ، امن و امان، انفراسٹرکچر سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کریں گے۔











