محسن نقوی: پاکستان نے خطے میں امن اور مذاکرات کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا

دوحہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام، کشیدگی کے خاتمے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ گلوبل سکیورٹی فورم 2026 سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے ہمیشہ امن اور بات چیت کا راستہ چنا۔
انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے عالمی قائدین سے روابط اور مسلسل سفارتی کوششوں نے مذاکرات کی راہیں ہموار کیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ تہران کے دوروں اور اعلیٰ سطح کے رابطوں کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی، جبکہ سوئٹزرلینڈ کے لیک لوزین سمٹ میں پاکستان اور قطر نے ثالث کا اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدہ دفاعی تعاون کا مظہر ہے نہ کہ جنگ کا، کیونکہ کوئی بھی ملک اپنے پڑوس میں تنازعات کی موجودگی میں دیرپا امن حاصل نہیں کر سکتا۔
دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ہزاروں شہریوں، فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جانیں قربان کیں اور پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھی ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ انٹیلی جنس شیئرنگ اور قریبی تعاون ناگزیر ہے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جنگیں رکوانے کا کوئی کریڈٹ نہیں چاہتا بلکہ ایک ایسا پرامن مستقبل چاہتا ہے جہاں سرے سے جنگیں شروع ہی نہ ہوں۔











