گورنمنٹ ڈگری کالج گوادر میں «بچوں کے تعلیمی سفر میں والدین کا کردار» سیمینار، مولانا ہدایت الرحمن مہمانِ خصوصی

گوادر: گورنمنٹ ڈگری کالج گوادر میں «بچوں کے تعلیمی سفر میں والدین کا کردار» کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا جس کے مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ تھے۔ سیمینار میں ڈائریکٹر کالجز مانیٹرنگ مکران برکت اسماعیل، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج گوادر نصیر احمد، واجہ خدابخش ہاشم، آر سی ڈی کونسل کے ناصر رحیم سہرابی، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ بچوں کی تعلیمی کامیابی، تربیت اور کردار سازی میں والدین کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ والدین بچوں کی سرگرمیوں، دوستوں، ماحول اور معمولات سے باخبر رہیں اور جانیں کہ بچے اپنا وقت کہاں اور کن لوگوں کے ساتھ گزارتے ہیں، جبکہ والدین اور اساتذہ مل کر طلبہ کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں کیونکہ بچے قوم کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اچھی صحبت، مثبت ماحول، محنت، نظم و ضبط اور تعلیم بچوں کو کامیاب اور باکردار انسان بناتے ہیں جبکہ منفی ماحول اور بری صحبت ان کا مستقبل متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر وقت کی قدر کرنے اور محنت، وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کو زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔
مقررین نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی جانب سے حلقے کے تعلیمی اداروں کے مسلسل دوروں اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کو سراہا اور ان کی تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے سیمینار میں والدین کی محدود شرکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد والدین کو بچوں کی تعلیم و تربیت میں ان کے کردار سے آگاہ کرنا تھا، اور زور دیا کہ والدین تعلیمی کارکردگی کے ساتھ بچوں کی اخلاقی تربیت، صحبت اور روزمرہ سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











