گوادر: سوڈ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف دو سے تین ماہ کا، شادی کور ڈیم سے سپلائی فعال؛ جی ڈی اے کا اجلاس

گوادر: ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر (جی ڈی اے) معین الرحمٰن خان کی زیرِ صدارت واٹر سیکشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں پانی کی فراہمی، دستیاب ذخائر اور آئندہ کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سوڈ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تیزی سے کم ہو رہا ہے اور موجودہ ذخیرہ تقریباً دو سے تین ماہ کے لیے کافی ہے۔ پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے شادی کور ڈیم سے سپلائی فعال کر دی گئی ہے اور دونوں ذرائع سے روزانہ تقریباً 30 سے 35 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے دستیاب آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور متبادل ذرائع بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے 1.2 ایم جی ڈی ڈی سیلینیشن پلانٹ کو مکمل استعداد پر چلانے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں گوادر کے پانی کی فراہمی کے نظام کی مجموعی کارکردگی، ڈسٹری بیوشن، بلنگ اور ریکوری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ گزشتہ پانی کے بحران کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ شادی کور ڈیم سے منسلک متعدد دیہات میں بھی طویل عرصے سے جاری پانی کی قلت دور کر کے سپلائی بحال کی گئی ہے۔ واجبات کی وصولی کے حوالے سے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











