کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا یومِ سیاہ پر پیغام
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے، کیونکہ اس دن بھارتی افواج نے کشمیر میں داخل ہو کر غیر قانونی قبضے کی بنیاد رکھی۔
پاکستان کے عوام، بالخصوص بلوچستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو اپنا بھائی اور کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے۔ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، معصوم شہریوں کے قتل اور خواتین پر مظالم کی اطلاعات نہایت تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بھاری موجودگی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ کشمیری عوام آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کی آزادی کی خواہش اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے عزم کی عکاس ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل ہوگا اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ممکن بنایا جائے گا۔











