قومی شاہراہ NA-25 کا کام تیز کرنے کی ہدایت، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت اجلاس

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت قومی شاہراہ NA-25 پر جاری تعمیر و ترقیاتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر کو جاری کام، پیش رفت اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حافظ محمد طارق، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے متعلقہ حکام اور ریونیو اہلکار شریک ہوئے۔ حکام نے سڑک کے مختلف حصوں میں جاری کام کی صورتحال، اب تک کی پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اہم شاہراہوں کے منصوبوں کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے کیونکہ ان کا براہِ راست تعلق شہریوں کو بہتر سفری سہولیات، ٹریفک کے نظام میں بہتری اور محفوظ و آسان آمدورفت سے ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ NA-25 کے کام میں مزید تیزی لائی جائے، مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور معیار و ضوابط پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام امور باہمی رابطے اور مؤثر حکمتِ عملی سے آگے بڑھائے جائیں اور کسی رکاوٹ کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔ ریونیو حکام کو ہدایت کی گئی کہ منصوبے سے متعلق انتظامی اور ریونیو امور ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں تاکہ تعمیراتی کام میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











