قلات: تحصیلدار عبدالغفار لہڑی کی قیادت میں یومِ سیاہ پر کشمیریوں سے یکجہتی ریلی
قلات: ملک بھر کی طرح قلات میں بھی 27 اکتوبر کو مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر “یومِ سیاہ” بھرپور طریقے سے منایا گیا۔
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ قلات کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت تحصیلدار قلات حاجی عبدالغفار لہڑی نے کی۔
تحصیلدار قلات حاجی عبدالغفار لہڑی کی سربراہی میں منعقدہ ریلی میں قلات کے سیاسی و قبائلی رہنما، ضلعی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اقلیتی برادری کی نمائندگی ہندو پنچائت کے نمائندوں نے کی اور وہ کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلی میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
شرکاء نے پلے کارڈز اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی حمایت میں نعرے درج تھے۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے کشمیر کی آزادی اور مظلوموں کے حقوق کے لیے خصوصی دعا کی اور عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ریلی ڈی سی کمپلیکس سے شروع ہوئی، شہر کی مختلف شاہراہوں پر مارچ کرتے ہوئے واپس ڈی سی کمپلیکس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔











