دلدار پرویز بھٹی کا 78واں یوم پیدائش 30 نومبر کو منایا جائے گا

ٹھٹھہ صادق آباد: پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے نامور کمپیئر، کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کا 78واں یوم پیدائش 30 نومبر کو منایا جائے گا۔
دلدار پرویز بھٹی 30 نومبر 1948ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی یہیں سے حاصل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور استاد کیا اور ساہیوال کے گورنمنٹ کالج میں لیکچرار تعینات ہوئے۔
مختصر عرصے میں سینکڑوں دلوں میں گھر کرنے والے ٹی وی اور ریڈیو کے ہر دلعزیز کمپیئر اپنی حاضر جوابی میں بے مثال تھے۔ اردو، انگریزی اور پنجابی زبانوں پر بیک وقت عبور ان کی پہچان بنا، اور ان تینوں زبانوں میں برجستہ مزاح ان کی کمپیئرنگ کا خاصہ تھا۔
پی ٹی وی کو پنجابی میں پہلا کوئز شو شروع کرنے کا آئیڈیا دلدار پرویز بھٹی نے دیا اور ٹاکرا نامی اس پروگرام سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ میلہ، یادش بخیر اور پنجند جیسے مقبول پروگرام بھی کامیابی سے پیش کیے۔
وہ 1974 سے 1994 تک پی ٹی وی سے منسلک رہے۔ اس دوران انہوں نے کمپیئرنگ کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا اور اپنے علم، شائستگی اور حاضر دماغی سے لاکھوں دلوں میں جگہ بنائی۔
انہوں نے ٹی وی پر جواں فکر کے نام سے بھی پروگرام پیش کیا، اخبارات میں کالم لکھتے رہے اور اپنی زندگی میں تین کتابیں تحریر کیں، جن میں دلداریاں، آمنا سامنا اور دلبر دلبر نمایاں ہیں۔
30 اکتوبر 1994ء کو امریکا میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لیے فنڈز جمع کرنے کے دوران دماغ کی شریان پھٹ جانے سے ان کا انتقال ہوا۔











