تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل آج لاہور میں، کپتانوں کا ٹرافی شوٹ اور بیانات

لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فائنل آج ہفتہ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ فائنل قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی شوٹ میں حصہ لیا۔ قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکا کی قیادت کوشل مینڈس کریں گے۔
پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے ساتھ دو اور سری لنکا کے ساتھ ایک میچ جیتا۔ پاکستان کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔
ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی
سلمان علی آغا 158 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نمایاں بیٹر ہیں۔ عرفات منہاس نے چار میچوں میں نو وکٹیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
کپتانوں کے بیانات
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ نے ہمیشہ ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے، امید ہے کل بڑی تعداد میں شائقین اسٹیڈیم آکر ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ فائنل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرامید ہیں۔
کوشل مینڈس نے کہا کہ فائنل ہمارے لیے ایک بڑا اور اہم میچ ہے، پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، مقابلے کے منتظر ہیں، پاکستان کے ساتھ گزشتہ میچ میں ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں سب لوگ ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شائقین نے سری لنکن کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کیا۔











