فائنل سے قبل مائیک ہیسن: قومی ٹیم ابھی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، امید ہے کہ سری لنکا کے خلاف فائنل میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے فائنل سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تین کامیابیوں کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی، جو اہم کھلاڑیوں کی نمایاں انفرادی کارکردگی کے بغیر حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ٹیم کی مجموعی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے۔ پاکستان کے ٹاپ تھری میں ملکی تاریخ کے دو عظیم بیٹرز شامل ہیں اور بڑے کھلاڑیوں سے بڑے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے۔
ٹاپ آرڈر کی بڑی اننگز کے بغیر میچز جیتنا خوش آئند ہے، تاہم اہم بیٹرز کے پاس فائنل میں میچ وننگ اننگز کھیلنے کا بہترین موقع ہوگا۔
مائیک ہیسن نے مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ حسن نواز کی بیٹنگ میں بھی مسلسل بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی ابتدائی وکٹیں ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہیں، جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی ہے۔ نوجوان کرکٹر عرفات منہاس کی کارکردگی میں بھی بہتری آ رہی ہے۔
سری لنکا کے خلاف آخری لیگ میچ میں پاکستانی بیٹنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی، تاہم انہیں فائنل میں کھلاڑیوں سے بھرپور واپسی کی امید ہے۔
مائیک ہیسن نے شائقین کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کے شائقین نے پوری سیریز کے دوران ٹیم کا شاندار ساتھ دیا ہے۔ فائنل ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔











