چمن: کوژک مہران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر

چمن: تین روزہ کوژک مہران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ شاندار اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔
فائنل مقابلوں میں مختلف ویٹ کیٹیگریز کے باکسرز نے فنی مہارت، بہترین کھیل اور بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ کامیاب کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 17 گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے۔
یہ چیمپئن شپ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول چمن کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس میں بلوچستان سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باکسرز نے شرکت کی۔ رنگ میں کھلاڑیوں کے بہترین کھیل اور غیر معمولی مہارت سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔
اختتامی تقریب میں کمانڈر چمن اسکاؤٹس بریگیڈ بریگیڈیئر ضرار احمد مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ قبائلی مشران اور عمائدین بھی موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی نے قبائلی مشران کے ہمراہ کامیاب باکسرز میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔
بریگیڈیئر ضرار احمد نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ نوجوان نسل کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے چیمپئن شپ کے سرپرستِ اعلیٰ اختر گلفام کو کامیاب اور شاندار انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
دریں اثنا چیمپئن شپ میں ضلع پشین سے شرکت کرنے والے آٹھ باکسرز نے اختتامی مقابلوں کے بعد ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی، ان کی صلاحیتوں اور مثبت سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ، باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی اور انہیں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
تین روزہ باکسنگ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد ضلع چمن میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور بلوچستان سمیت مختلف علاقوں کے کھلاڑیوں کے درمیان باہمی روابط اور مثبت کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔











