تربت: جامعہ تربت کے طلباء کا مکران میڈیکل کالج کی بائیو کیمسٹری لیب کا دورہ

تربت: جامعہ تربت کے شعبہ کیمسٹری کے طلباء نے مکران میڈیکل کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بائیو کیمسٹری لیبارٹری کے بارے میں معلوماتی اور انٹرایکٹو اورینٹیشن سیشن میں شرکت کی۔
سیشن کے دوران طلباء کے علاوہ جامعہ تربت کے شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر ظفر علی، ڈاکٹر اسماء حیات اور کیا بھی موجود تھے۔
سیشن کی میزبانی میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر صغیر نے کی، جنہوں نے طلبہ کو لیبارٹری کے مختلف آلات، طریقۂ کار، پروٹوکول اور بائیو کیمیکل تجزیے و طبی تشخیص میں ان کے استعمال سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر صغیر نے طلباء کے سوالات کے پیشہ ورانہ انداز میں جوابات بھی دیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ظفر علی نے سیشن کے انعقاد میں تعاون پر میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور ڈاکٹر صغیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے طلباء کو عملی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی، قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے جامعہ تربت کے عزم کا اعادہ کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











