جونیئر ٹینس چیمپئن شپ: حسن عثمانی، حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں کوارٹر فائنل میں

اسلام آباد: جے30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد 2026 میں حسن عثمانی، حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں اپنے اپنے راؤنڈ رابن گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
گرلز ڈبلز میں پاکستان کی حاجرہ سہیل نے چین کی ڈائیکسی ہو کے ساتھ جوڑی بنا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے نتائج
بوائز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں حمزہ رومان نے عبدالباسط کو 7-5، 6-2 سے شکست دی۔ احتشام ہمایوں نے سوئیچیرو ایشیدا کو 6-3، 6-4 سے ہرایا، محمد حسن عثمانی نے جیکب لیٹسچ کو 6-1، 6-4 سے شکست دی، زوہیب افضل ملک نے ڈینیئل الوادی کو 6-1، 6-4 سے ہرایا۔ عامر مزاری نے الشین خان محمدکالی کو 6-2، 6-2 سے شکست دی، محمد شیان نے حزیق آصم کو 6-3، 6-4 سے ہرایا۔
ریان خان، محمد یحییٰ، ارحم طارق اور عبدار علی اپنے مقابلے ہار گئے۔
گرلز ڈبلز کے پری کوارٹر فائنل میں حاجرہ سہیل اور ڈائیکسی ہو نے شوان یی وائی اور زینیا سیمینووا کو 6-2، 6-2 سے شکست دی۔
چیمپئن شپ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں 17 ممالک کے 62 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں 39 بوائز اور 23 گرلز شامل ہیں۔
شریک ممالک میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان شامل ہیں۔
یہ چیمپئن شپ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی سرپرستی اور معاونت میں ہو رہی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ورلڈ ٹینس ٹور جونیئر رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع دے رہی ہے۔











