اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آج سیمی فائنل

مسقط: اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیمی فائنل آج جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ مسقط کے الامرات کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔
دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ پاکستان نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز جیت کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور متحدہ عرب امارات، بھارت اور نیپال کو شکست دی۔
گزشتہ ایڈیشن میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کردار، اتحاد اور فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ سیمی فائنل میں بھی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ دو سے تین سال سے بے خوف کرکٹ کھیلنا ہماری حکمت عملی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی آخری گیند تک مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور خوشی ہے کہ مختلف میچز میں مختلف کھلاڑیوں نے ذمہ داری نبھائی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف پر بے حد فخر ہے۔
ہمارا ہدف سیمی فائنل جیت کر فائنل میں پہنچنا اور ٹائٹل کے ساتھ وطن واپس آنا ہے۔











