آر پی او زاہد نواز مروت کا شانگلہ میں امن و امان پر زور

شانگلہ: ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن زاہد نواز مروت نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور قانون کی بالادستی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انھوں نے یہ بات گزشتہ روز ضلع شانگلہ میں پولیس افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
آر پی او نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں اور عوامی شکایات کا فوری اور میرٹ پر ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ حساس مقامات، اہم تنصیبات اور شاہراہوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔ فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور لاپروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے تھانوں اور پولیس دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت و احترام اور پیشہ ورانہ طرز عمل اپنانے پر زور دیا۔ ان کے مطابق پولیس کی بنیادی ذمہ داری عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور عوام و پولیس کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔ انھوں نے پولیس افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود کو بھی خصوصی اہمیت دیتے ہوئے ان کے مسائل کے حل اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی ہیڈ کوارٹر، ایس ڈی پی اوز اور مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور عوامی شکایات کے ازالے کا جائزہ لیا گیا۔
اس سے قبل زاہد نواز مروت نے شانگلہ ٹاپ میں پولیس چوکی کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ بعدازاں انھوں نے پولیس ہیڈ کوارٹر الپوری کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ نے منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور انتظامی امور پر بریفنگ دی، جس پر آر پی او نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
دورے کے دوران آر پی او نے پولیس سہولت مرکز شانگلہ کا بھی معائنہ کیا اور شہریوں کو دی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے ہدایت کی کہ سہولت مرکز آنے والے شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں اور ان کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔











