تربت: ڈی ایچ او کیچ کا سینٹرل جیل دورہ، ہفتے میں دو دن ڈاکٹر کی خدمات فراہم کرنے کی یقین دہانی

تربت: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤوف رند نے ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ جیل منیر احمد شے تگری سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سینٹرل جیل میں محکمہ صحت سے متعلق مسائل، قیدیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت عامہ کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جیل میں مستقل ڈاکٹر کی عدم دستیابی کا مسئلہ بھی زیرِ بحث آیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤوف رند نے اس مسئلے کے حل کے لیے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ضلع کیچ کی جانب سے ہفتے میں دو دن ڈاکٹر کی خدمات فراہم کی جائیں گی، جو جیل کا دورہ کرکے قیدی مریضوں کا طبی معائنہ کریں گے اور انہیں ضروری علاج و معالجے کی سہولت فراہم کریں گے۔
دورانِ ملاقات جیل حکام نے مچھروں اور دیگر حشرات سے بچاؤ کے لیے جیل میں اسپرے کرانے کی درخواست بھی کی، جس پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤوف رند نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو جیل میں اسپرے کرنے کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ جیل منیر احمد شے تگری نے قیدیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون اور جیل کے صحت سے متعلق مسائل پر فوری توجہ دینے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤوف رند کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت اور جیل انتظامیہ کے درمیان باہمی تعاون سے قیدیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت و صفائی کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











