کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی صدارت میں تجاوزات کے خاتمے کا اجلاس

کوئٹہ: عدالت عالیہ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کے نظام کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ، ایس ایس پی ٹریفک سبحان دشتی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں امداد اسپتال سے اکرم اسپتال تک کے علاقے کو فری ٹریفک زون بنانے، غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اہم فیصلے
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ علاقے میں کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمی کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کوئی این او سی یا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
جبکہ تمام قانونی و غیر قانونی سائیکل اور موٹر سائیکل پارکنگ اسٹینڈز ختم کرکے علاقے کو ہر قسم کی پارکنگ اور تجاوزات سے پاک رکھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ حکام کو فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بھرپور اقدامات کرے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











