گوادر: ڈسٹرکٹ چیئرمین شئے مختار بلوچ کا رائز پروگرام کے دفتر کا دورہ

گوادر: ڈسٹرکٹ چیئرمین گوادر شئے مختار بلوچ نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے رائز پروگرام کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر زبیر ہوت سے ملاقات کی۔
اس موقع پر زبیر ہوت نے انہیں ضلع گوادر کی مختلف یونین کونسلز میں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں، کمیونٹی ڈویلپمنٹ منصوبوں اور مجوزہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ضلع کونسل چیئرمین شئے مختار نے پروگرام کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ضلعی سطح پر ان اقدامات کی مؤثر تکمیل، عوامی شمولیت اور مقامی کمیونٹیز کے تعاون کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں مقامی آبادی، کمیونٹی نمائندگان اور متعلقہ علاقوں کے مستفید ہونے والے افراد کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ عوام کی حقیقی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں بی آر ایس پی رائز پروگرام کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کے ثمرات ضلع کی تمام یونین کونسلز اور مقامی آبادی تک پہنچ سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











