بارکھان: ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کا جائزہ اجلاس
بارکھان: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات اور صوبائی حکومت کی انسدادِ پولیو کے لیے مؤثر اقدامات کی پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمٰن کاکڑ کی زیرِ صدارت ضلع بارکھان میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کا ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں پولیو مہم کی پیش رفت، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے رہ جانے والے بچوں (Missed Children) اور انکاری والدین (Refusal Cases) پر خصوصی توجہ دینے اور مائیکرو پلان کے مطابق مقررہ اہداف کے سو فیصد حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کی روزانہ کارکردگی کی مؤثر نگرانی کی جائے اور مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بارکھان میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہر بچے تک پولیو سے بچاؤ کے قطرے پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا۔











