تربت ماڈل سٹی: سینما چوک سے تعلیمی چوک تک سڑک کی کشادگی کا منصوبہ
تربت: بلوچستان کے اہم شہروں میں شمار ہونے والا تربت ضلع کیچ کا ضلعی ہیڈکوارٹر اور مکران ڈویژن کا ایک مرکزی شہر ہے۔ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، تجارتی سرگرمیوں اور شہری پھیلاؤ کے باعث یہاں ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
ایسے حالات میں تربت ماڈل سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں سڑکوں کا جال بچھانے اور موجودہ شاہراہوں کو کشادہ کرنے کا عمل شہری ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ منصوبے کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بہتری کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سینما چوک سے تعلیمی چوک تک سڑک
بالخصوص سینما چوک سے تعلیمی چوک تک سڑک کو کشادہ کرنے کا منصوبہ شہریوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ماڈل سٹی پروجیکٹ کے تحت سینما چوک میں نئی دکانیں تعمیر کی جا چکی ہیں، جبکہ پرانی دکانیں مسمار کر کے انہیں نئی جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے۔ اب یہ جگہ ایک وسیع شاہراہ بن چکی ہے۔
یہ شہر کے مصروف ترین راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت رہتی ہے۔ اس سڑک کی کشادگی سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کی توقع ہے اور مصروف اوقات میں ٹریفک کی بھیڑ اور آمدورفت کی مشکلات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ خاص طور پر تعلیمی اداروں، کاروباری مراکز اور رہائشی علاقوں کی جانب جانے والے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آنے کی امید ہے۔
معاشی ترقی اور دیرپا منصوبہ بندی
تربت جیسے تیزی سے ترقی کرتے شہر میں سڑکوں کا بہتر نظام محض آمدورفت کی سہولت نہیں بلکہ معاشی، سماجی اور شہری ترقی کی بنیادی ضرورت ہے۔ بہتر سڑکیں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں، کاروباری مراکز تک رسائی آسان بناتی ہیں اور شہری زندگی کو زیادہ منظم بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ کشادہ اور معیاری سڑکیں شہر کے مجموعی منظرنامے، خوبصورتی اور جدید شہری شناخت میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔
منصوبے کی کامیابی صرف سڑکوں کی تعمیر اور کشادگی تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ نکاسیِ آب کا مؤثر نظام، فٹ پاتھوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک سائن بورڈز، پارکنگ کے لیے مناسب جگہوں اور شجرکاری پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹیریل کا استعمال یقینی بنانے، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کی دیکھ بھال کا مستقل نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کے دوران پیدل چلنے والوں، طلبہ، بزرگوں اور دکانداروں کی سہولت کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
تربت صرف ضلع کیچ کا انتظامی مرکز نہیں بلکہ مکران کی تجارتی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کا بھی اہم مرکز ہے۔ اس لیے شہر کی منصوبہ بندی جدید تقاضوں کے مطابق کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سڑکوں کا جال بچھانے اور شاہراہوں کو کشادہ کرنے کے اقدامات اگر مؤثر منصوبہ بندی، شفافیت اور معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تو یہ شہر کے مستقبل کے لیے ایک مثبت سرمایہ کاری ثابت ہو سکتے ہیں۔
ترقیاتی منصوبے صرف تعمیرات تک محدود نہیں بلکہ حکومت تربت کو خوبصورت، منظم اور جدید شہر بنانے کے ساتھ شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری شہری سہولیات فراہم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔











