قلات: ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری نے چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا

قلات: وزیراعلی بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں پولیو فری مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر سومار خان، ڈی ایم پی پی ایچ آئی جہانگیر زہری اور ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد اقبال نورزئی نے بھی بچوں کو قطرے پلائے اور ان کی فنگر مارکنگ کی۔
مہم کا ہدف اور دورانیہ
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک نے ڈپٹی کمشنر قلات کو چار روزہ پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم 2 نومبر 2026 سے شروع ہو کر 5 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران ضلع قلات کی 19 یونین کونسلز میں پانچ سال تک کی عمر کے 40,269 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ پولیو ویکسین ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔ ایریاسپروائزرز پولیو ٹیموں کی مؤثر نگرانی کریں اور مہم کے دوران کسی بھی بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے والدین، سیاسی و سماجی کارکنان، علماء کرام، شعراء، ادباء اور صحافی برادری اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں۔ پولیو سے پاک معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری اور بنیادی مقصد ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











