خضدار: قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری کی ڈی آئی جی عمران قریشی سے امن و امان پر ملاقات
خضدار: قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی و ایم پی اے خضدار میر جھالاوان میر یونس عزیز زہری نے ڈی آئی جی خضدار ریجن عمران قریشی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایم پی اے خضدار میر یونس عزیز زہری نے ڈی آئی جی خضدار عمران قریشی کو خضدار ریجن میں تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ خضدار میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن کے قیام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ خضدار میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری اور ڈی آئی جی خضدار عمران قریشی کے درمیان ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خضدار میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے، درپیش چیلنجز پر غور کرنے اور بہتری کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے جلد ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کی مشاورت سے امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔











