تربت: گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول کی طالبات کا ریڈیو پاکستان تربت کا مطالعاتی دورہ

تربت: گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول تربت کی طالبات نے آج ریڈیو پاکستان تربت کا مطالعاتی دورہ کیا۔ طالبات کے اس تعلیمی وفد کی قیادت سینئر سائنس ٹیچر تمنا رفیق، امینہ ناصر، حمیرہ جبین اور زیبہ غفور کر رہی تھیں۔
اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان تربت عبدالحمید شاکر نے طالبات کو خوش آمدید کہا اور ریڈیو پاکستان تربت کی تاریخ، اغراض و مقاصد اور نشریاتی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے دور میں بھی ریڈیو کی اہمیت مسلمہ ہے۔ خاص طور پر ضلع کیچ جیسے وسیع و عریض علاقے میں ریڈیو آج بھی اطلاعات، تعلیم اور تفریح کا سب سے مؤثر اور قابلِ رسائی ذریعہ ہے۔
ان کے مطابق ریڈیو پاکستان تربت مقامی زبان میں معلوماتی، تعلیمی، ادبی اور تفریحی پروگرام نشر کر کے عوام میں شعور بیدار کرنے اور مقامی ثقافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کے فروغ میں ریڈیو کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے اور ریڈیو پاکستان تربت اس سلسلے میں خصوصی تعلیمی پروگرامز نشر کر رہا ہے۔
بعد ازاں سینئر پروڈیوسر جلیل احمد اور شعبہ نیوز سے عبدالصمد خالق نے طالبات کو ریڈیو کے مختلف پروگراموں، ان کی تیاری کے مراحل، خبرناموں کی تیاری اور نشریات کے اصولوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ معیاری خبر اور پروگرام کیسے تیار کیا جاتا ہے اور اسے مؤثر انداز میں پیش کرنے کے کیا تقاضے ہیں۔
اس کے بعد انجینئر نصرت بلوچ اور پی اے ٹو اسٹیشن ڈائریکٹر عبدالقدیر واحد نے طالبات کو انجینئرنگ سیکشن اور اسٹوڈیو بلاک کا دورہ کرایا۔ طالبات کو نشریاتی آلات، ریکارڈنگ اسٹوڈیو، کنٹرول روم اور ٹرانسمیشن سسٹم کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
دورے کے اختتام پر اساتذہ اور طالبات نے ریڈیو پاکستان تربت کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اسے انتہائی معلوماتی اور مفید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مطالعاتی دورے طالبات کی عملی تعلیم اور پیشہ ورانہ رہنمائی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











