کوئٹہ: شکایات و مقدمات کی پیش رفت پر صوبائی محتسب کا افسران کے ساتھ اہم اجلاس

کوئٹہ: صوبائی محتسب بلوچستان سعادت اللہ خان بازئی کی زیرِ صدارت صوبائی محتسب سیکرٹریٹ کے مرکزی دفتر کوئٹہ میں ڈائریکٹرز انویسٹی گیشن، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور رجسٹرار کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف زیرِ سماعت اور زیرِ التواء شکایات و مقدمات پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے صوبائی محتسب کو زیرِ کارروائی مقدمات، ان کی موجودہ صورتحال اور تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔
اس موقع پر صوبائی محتسب نے افسران سے مقدمات کی موثر پیروی، شکایات کے بروقت ازالے اور دفتری امور میں مزید بہتری کے حوالے سے تجاویز اور آراء بھی طلب کیں۔
صوبائی محتسب بلوچستان نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی شکایات کو قانون اور میرٹ کے مطابق نمٹایا جائے، شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔
اجلاس میں مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











